درخواست ضمانت مسترد ہونے پر سٹی کورٹ سے 4 اغوا کار فرار ہوگئے
کراچی: شہر قائد میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملوث 4 اغوا کار سٹی کورٹ سے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں گرفتار 4 اغوا کاروں بابر، ناصر، جنید اور بابر عزیز کو عبوری ضمانت کی توثیق کیلئے سیشن عدالت میں پیشی کیلئے لایا گیا، تو عدالت سے درخواست مسترد ہوتے ہی ملزمان پولیس کو چکما دے کر باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے کہ پولیس ملزمان سے ملی ہوئی ہے۔ مفرور ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس نے سٹی کورٹ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فیروز آباد سے شہری اقبال کو اغوا کرکے ساڑے 4 لاکھ روپے تاوان وصول کیا، جبکہ شہری کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی بھی لوٹی تھی۔ واضح رہے کہ احاطہ عدالت سے ملزمان کے فرار ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی سٹی کورٹ سے خطرناک دہشتگرد اور لیاری گینگ وار کے ملزمان پولیس کو دھوکا دے کر فرار ہوتے رہے ہیں۔