کراچی: کینٹ اسٹیشن پہنچنے والی ٹرین عوام ایکسپریس سے برآمد ہونے والا 5 کلو وزنی بم ناکارہ کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق عوام ایکسپریس میں بم کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری موقع پر پہنچ کر بم کو کنٹرول بلاسٹ کے ذریعے ناکارہ بنایا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ بم میں 2 کلو گرام دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا تھا جبکہ بم کا وزن 5 کلو تھا، دھماکا خیز مواد کو ٹائم ڈیوائس کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا جبکہ بم کو ڈیٹونیٹ کرنے کیلئے موٹر سائیکل کی بیٹری استعمال کی گئی تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہاکہ بم کا ممکنہ ہدف شمالی سندھ تھا، بم کا ٹائمر دن 12 بجے سیٹ تھا، دوپہر بارہ بجے ٹرین سکھریا روہڑی کے قریب تھی۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ تخریب کاری کی کوشش کسی علیحدگی پسند جماعت کی ہوسکتی ہے،بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق بم سیاہ اور لال رنگ کے اسکول بیگ میں رکھا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بم کو پشاور سے کراچی آنے والی ٹرین عوام ایکسپریس کی سیٹ کے نیچے چھپایا گیا تھا۔