کراچی، چھرا مار سعود آباد پہنچ گیا، کوچنگ کی طالبہ حملے میں زخمی
کراچی: شہر قائد میں سعود آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزم نے لڑکی کو راہ چلتے ہوئے تیز دھار آلے کے وار سے زخمی کر دیا۔ نوجوان لڑکی کوچنگ سینٹر جا رہی تھی کہ ملزم نے اس کے ہاتھ کو تیز دھار آلے کے وار سے زخمی کر دیا، واقعے کی اطلاع پولیس کو ایک گھنٹے کے بعد دی گئی، بعد ازاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔ لڑکی کے تیز دھار آلے کے وار سے زخمی ہونے کی اطلاع پر ماڈل کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ واقعات سے مماثلت نہیں رکھتا۔ تفصیلات کے مطابق سعود آباد کے علاقے الامین سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ملزم نے 20 سالہ جازبہ جاوید کو بائیں ہاتھ کی کلائی پر تیز دھار آلے کے وار حملہ کرکے زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا، زخمی لڑکی فوری طور پر واپس اپنے گھر گئی، بعد ازاں جازبہ کو اہلخانہ قریب ہی واقع نجی اسپتال لے گئے، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔ متاثرہ لڑکی جازبہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی رہائش گاہ محلہ بوستان رضا ماڈل کالونی سے کوچنگ سینٹر جا رہی تھی کہ الامین سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزم نے اس کے بائیں ہاتھ پر تیز دھار آلے سے وار کرکے زخمی کر دیا۔
لڑکی کا کہنا ہے کہ سیاہ رنگ کی 70 موٹر سائیکل پر سوار ملزم بغیر ہیلمٹ کے تھا، جبکہ اس نے سفید شرٹ اور سیاہ پینٹ پہنی ہوئی تھی اور اس کی عمر تقریباً 20 سے 22 سال کے درمیان اور رنگت گندمی تھی۔ دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ جازبہ پر حملہ گزشتہ واقعات سے مماثلت نہیں رکھا، اس واقعہ میں لڑکی کو ہاتھ پر جبکہ گزشتہ واقعات میں ملزم نے خواتین کو پشت پر وار کرکے زخمی کیا تھا، لڑکی کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل کسی نے اسے تنگ بھی کیا تھا اور پولیس تفتیش میں اس پہلو کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی جازبہ کے والد جاوید انور انصاری کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 287/17 بجرم دفعہ 324 کے تحت درج کر لیا۔