متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کراچی میں 10 صوبائی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تیار
کراچی: کراچی کی 10 صوبائی نشستوں پر ن لیگ، اے این پی اور جے یو آئی امیدوار نامزد کریں گی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کراچی میں 10 صوبائی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے تیار ہو گئی۔
کراچی کی 10 صوبائی نشستوں پر ن لیگ، اے این پی اور جے یو آئی امیدوار نامزد کریں گی جبکہ ایک صوبائی نشست پر جی ڈی اے امیدوار نامزد کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم خیال جماعتوں کی جانب سے آج اپنے امیدواروں کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ میرپورخاص، سکھر اور نواب شاہ کی صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم امیدوار نامزد کرے گی جبکہ حیدرآباد کی 2 قومی اور 4 صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
سکھر، نواب شاہ اور میرپورخاص کی قومی نشستوں پر اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہوں گے جبکہ سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص اور ٹنڈوالہ یار کی صوبائی نشستوں پر ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی میں قومی اسمبلی کی 4 نشستوں پر اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے رضا مند ہو گئی ہے۔
ایم کیو ایم نے لیاری اور ملیر کی 3 قومی نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔