آصف زرداری پر کڑی تنقید کے بعد عمران خان کو قلندر شہباز کے مزار پر حاضری سے روک دیا گیا
سیہون شریف: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو لال شہباز قلندر کے مزار پر حاضری سے روک دیا گیا، مزار کی انتظامیہ نے مرکزی دروازے سمیت مزار کے تمام داخلی راستوں کو بند کر دیا، پولیس حکام کے مطابق عمران خان کے ذاتی محافظوں کو مسلح ہونے کی وجہ سے مزار کے اندر جانے سے روکا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف سہیون میں جلسے سے خطاب کرنے کے بعد لال شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینے کے لئے پہنچے تو مزار کی انتظامیہ نے ان کی آمد سے قبل ہی تمام دروازے بند کر دئیے اور انہیں مزار کے اندر حاضری دینے سے روک دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کے وہاں سے چلے جانے کے بعد مزار کے دروازے کھول دئیے گئے۔
واقعہ پر عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہیں اور پیپلزپارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، پہلے سہیون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا اور اب مزار کے اندر جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ ہمارے پہنچنے پر لال شہباز قلندر کے مزار کے دروازے بند کرنا شرمناک فعل ہے، ہم تو احتراماً درگاہ پر حاضری دینا چاہتے تھے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جامشور و نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو مزار کے اندر جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ ان کے ساتھ آنے والے ذاتی محافظوں کو مزار کے اندر جانے سے روکا گیا، کیوں کہ مسلح افراد کے اندر جانے سے درگاہ کی بےحرمتی ہوتی ہے۔