پیپلزپارٹی عوام کے لیے ہے اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے : مرتضیٰ وہاب
کراچی : تفریق اور تنقید کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، ساڑھے تین سال میں کراچی ترقی دیکھےگا
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تفریق اور تنقید کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، ساڑھے تین سال میں کراچی ترقی دیکھےگا، پیپلزپارٹی عوام کے لیے ہے اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ پڑوسی ممالک کا حال سب نے بارش میں دیکھا ہے، حالیہ بارشوں میں کے ایم سی کی صلاحیت کا معلوم ہوتا ہے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ میرا وعدہ یہی ہےکہ بلدیہ عظمیٰ کو کسی اور کی طرف دیکھنا نہیں پڑے گا۔ سندھ حکومت کی مدد کے ساتھ مختلف منصوبوں پرکام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے ملیر ایکسپریس وے بنا رہے ہیں، کورنگی کازوے فلائی اوور پر کام کر رہےہیں، بولٹن مارکیٹ میں ہمارے پاس پارکنگ موجود ہے، بولٹن مارکیٹ کا کرایہ بھی عدالت میں جمع ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر عدالتوں سے کہوں گا کہ کے ایم سی کے معاملات پر رہنمائی فرمائیں، کے ایم سی سٹی کونسل کے پاس قانون سازی کا اختیار ہے، ماضی میں سٹی کونسل فیصلہ کرتی تھی تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا تھا۔ آج کوئی کام کروائیں تو اسٹے آرڈر آجاتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے آمدنی کے ذرائع بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آمدنی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، جب تک آمدنی کو بہتر نہ کرلیں کام نہیں ہوسکتا۔