کراچی: ایران میں بس حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانی زائرین کو خصوصی طیارے سے آج سکھر منتقل کیا جائے گا۔
سکھر ایئرپورٹ پر ایران بس حادثے کا شکار زائرین کو منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ زائرین کی میتوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔
لاڑکانہ سے مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے جانے والی زائرین کی بس ایران میں حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 32 زائرین جاں بحق ہوئے تھے۔
سید اطہر شاہ شمسی کا قافلہ دو بسوں اور 110 زائرین پر مشتمل تھا، زائرین کی ایک بس ایران کے شہر یزد پہنچی جہاں بس کے مبینہ طور پر بریک فیل ہوئے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایران بس حادثے کے شہداء کی میتیں وطن لانے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، سی 130 جہاز کو ایران سے میتوں اور زخمیوں کو لانے کے لیے بھیج دیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارہ سکھر لینڈ کرے گا یا جیکب آباد، سہولتوں کے حساب سے فیصلہ کیا جائے گا۔