سمندری طوفان "اسنیٰ” کراچی سے دور چلا گیا، بارش دن بھر جاری رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان "اسنیٰ” کراچی سے دور ہٹنے لگا ہے تاہم شہر میں آج دن بھر آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ سمندر میں طغیانی رہے گی تاہم ہمارے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں۔
محکمہ موسمیات نے ٹراپیکل سائیکلون ” اسنی” کا چھٹا الرٹ جاری کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے، گذشتہ 9گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش رہے گی، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوگی، سمندر میں طغیانی رہے گی، ماہی گیر آج اور کل سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
سمندری طوفان کے زیراثر شہرقائد کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔ ہاکس بے، ماڑی پور، کلفٹن، ڈیفنس سمیت دیگر مقامات پر بادلوں کی گھن گرج۔ ٹھٹھہ،بدین، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمدخان اور ٹنڈوالہ یار میں بھی بادل گرج گرج کر برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں 50 سے 60 کلومیٹر رفتار سے جھکڑ چل رہے ہیں۔ لہریں انتہائی بلند ہیں۔ سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا جبکہ ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی لگاکر ساحل کےاطراف سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
طوفان کے باعث سمندر میں شدید طغیانی کے باعث کراچی میں ہاکس بے پر پانی سڑکوں تک آنے لگا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آج اور کل سمندر کا رخ نہ کریں۔
واضح رہے کہ بھارت کے رن آف کچھ پر ڈیپ ڈپریشن اور شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کیا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج پہنچ سکتا ہے۔
طوفان پاکستان کے ساحل سے ہٹ کر مغرب کی جانب بڑھ گیا
این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان پاکستان کے ساحل سے ہٹ کر مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے، طوفان کی مزید مغرب اور جنوب مغرب کی جانب پیش رفت متوقع ہے، سمندری طوفان سے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی کے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حیدرآباد، جامشورو اور دادو میں 60سے80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا، جھکڑ چلنے کا امکان ہے، کراچی ڈویژن، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو اور دادو میں آج رات تک موسلادھار بارشیں متوقع ہے، حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں بھی آندھی ، جھکڑ اور موسلادھار بارشوں کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے، عوام سمندر کے کنارے اور ساحلی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
پروازوں کو لینڈنگ میں دشواری کا سامنا
بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنیٰ کے زیر ہوا کے تیز دباؤ کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر پروازوں کو لینڈنگ میں دشواری کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوحہ سے کراچی پہنچی غیر ملکی پرواز لینڈ نہ کر سکی، مسقط اتاری گئی۔ فلائٹ کیو آر 610 کراچی لینڈنگ کے لیے ایک گھنٹے چکر کاٹ کر واپس چلی گئی۔ عدیس ابابا سے کراچی پہنچنے والی پرواز 1 گھنٹے چکر کاٹنے کے بعد لینڈ کرسکی۔
خراب موسم اور ہڑتال، کراچی ایئرپورٹ سے جانیوالی 12 پروازیں منسوخ ہوئی جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں ساڑھے 8 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ استنبول اور بحرین سے پہنچی پروازوں کی کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر کا شکار ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ پر آپریشن معطل
دوسری جانب سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر کراچی پورٹ ٹرسٹ نے الرٹ جاری کردیا، ترجمان کے مطابق جہازوں کی نقل وحرکت، آپریشنز کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ تمام ڈیپارٹمنٹس، عملے کو الرٹ رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔ بحری جہازوں کو مضبوطی سے باندھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز کہاں کتنی بارش ہوئی؟
محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹے کے اعداد و شمار جاری کردیئے، کراچی میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 39 ملی میٹر ، سرجانی ٹاون 24 اور کورنگی میں 18.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ناظم آباد 17،نارتھ کراچی 16.5،یونیورسٹی روڈ 16 ملی میٹر ، جناح ٹرمینل 16 ، ایئرپورٹ 15 اور ماڑی پور 13 ملی میٹر بارش ہوئی۔ موسمیات 12.4 ،گلشن معمار 11.8،ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
این ڈی ایم کا الرٹ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیجانب سے ٹراپیکل سائیکلون ’اسنیٰ‘ سےمتعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی میں موسلادھار بارشوں کا امکان کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیجانب سے ٹراپیکل سائیکلون اسنیٰ سےمتعلق ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈٰی ایم اے کی ایڈائزری میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق سسٹم آج رات تک مزید شدت اختیار کر کے سائیکلونک اسٹروم میں تبدیل ہو نےکا امکان ہے، سسٹم کے بحیرہ عرب کے مغربی، جنوب مغربی حصے کیطرف بڑھنے کے امکانات بھی واضح ہیں۔
ترجمان نے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت دیگراضلاع میں آندھی کے ساتھ شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، تھر پارکر ، بدین ، ٹھٹہ ، حیدرآباد ، مٹیاری ، عمر کوٹ، میر پور خاص ، سانگھڑ ، جام شورو ، دادو اور اورشہید بینظیرآباد کے علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔