کراچی: پی ٹی آئی والے عورتوں کی عزت نہیں کرتے، ایسے جاہل شخص کو وزیراعلی نہیں ہونا چاہیے
سندھ اسمبلی میں خواتین کی توہین پر وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور کے خلاف قرارداد پیش کردی گئی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیرصدارت اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پی پی رکن سعدیہ جاوید نے علی امین گنڈا پور کی جانب سے خواتین اور صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ کے خلاف قرارداد پیش کردی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن اور متعلقہ ادارے وزیراعلی کے پی کے بیان کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے، ایسے جاہل شخص کو وزیراعلی نہیں ہونا چاہیے۔
قرارداد کیخلاف پی ٹی آئی ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور بولنے کی کوشش کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے اس پر کہا کہ آپ کی کرسی میں کوئی مسئلہ ہے کیا جو بار بار کھڑے ہوجاتے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عورتوں کی عزت نہیں کرتے، تمام عورتیں اس قرارداد کو سپورٹ کریں، الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں علی امین گنڈاپور کی رکنیت معطل کی جائے اور ان سے استعفی لیا جائے۔
ضیاء لنجار نے کہا کہ ہمارے بھی جذبات ہیں، اگر مخالفین کی خواتین آجائیں تو عزت اور احترام میں کھڑے ہوجاتے ہیں۔