ایئرپورٹ سگنل خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی میں خاتون بھی ملوث نکلی
کراچی: ایئرپورٹ سگنل خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی میں خاتون بھی ملوث ہے ، خاتون سمیت دو افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ایئرپورٹ سگنل کے قریب اتوار کی شب ہونے والے خودکش دھماکے کی تفتیش میں پولیس نے خودکش بمبار شاہ فہد کی سہولت کاری میں ملوث خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی حکام نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران خودکش بمبار کے قریبی عزیز کو گرفتار کیا جس کی نشاندہی پر خاتون کی بھی گرفتار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور شاہ فہد نے حملے سے قبل گرفتار شخص کے گھر میں قیام کیا تھا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی میں خاتون بھی ملوث ہے، خاتون سمیت دو افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران دہشت گرد کے بیک اَپ پر موجود ایک اور گاڑی کا بھی انکشاف ہوا جبکہ بیک اَپ پر موجود گاڑی سے بنائی گئی ویڈیو بھی تفتیشی اداروں کو مل گئی جس میں حملہ آور کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔
دھماکے میں استعمال کی گئی گاڑی کی ویڈیو حملے سے قبل بنائی گئی تھی جبکہ مبینہ ساتھی نے صدر میں قائم ہوٹل میں خودکش حملہ آور سے ہوٹل میں ملاقات بھی کی تھی۔