کراچی میں پانی کی قلت سنگین شکل اختیار کر گئی
مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 15 کروڑ گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے
کراچی: متعدد علاقوں میں لائنوں میں پانی نہ آنے کے باعث شہری مہنگے داموں پر ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔
کئی علاقوں میں پانی کی لائن میں سیوریج کا پانی آنے اور بدبو والا پانی آنے کی بھی شکایات سامنے آئی ہیں۔
کراچی میں 84 انچ قطر کی پانی کی سپلائی لائن بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران پھر سے ٹوٹ گئی ہے۔
جامعہ کراچی کے قریب پائپ لائن تیسری بار ٹوٹنے سے شہر کو 70 فیصد پانی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطر کی لائن کی مرمت کل سے شروع کی جائے گی۔
ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام 3 دن تک جاری رہے گا، مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہے گا تاکہ مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو یومیہ 65 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 15 کروڑ گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، بدھ کی شام تک شہر میں پانی کی فراہمی بحال کی جائے گی۔
کراچی واٹر کارپوریشن کے مطابق شہر کو 50 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، سائفن 19میں 84 انچ قطر کے 3 پائپ ہیں، ایک پائپ کا مرمتی کام کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سائفن 19 کے متوازی دونوں پائپ سے پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔
مرمتی کام کے باعث لیاری، کلفٹن، گلشنِ اقبال، جمشید ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی فراہمی جزوی معطل رہے گی۔