نمائش چورنگی: پولیس کی مذہبی جماعت کے دھرنے پر شیلنگ، 3 مظاہرین گرفتار
کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر پولیس نے مذہبی جماعت کے دھرنے کے شرکاء پر شلینگ کردی۔
جی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع پاراچنار میں 80 روز سے زائد راستوں کی بندش پر مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا۔
مظاہرین کی جانب سے کئی روز سے جاری سڑکوں کی بندش پر مظاہرہ جاری تھا، جس پر پولیس نے آج اچانک شیلنگ کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب مظاہرین نے پولیس کے جارحانہ رویے پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
قبل ازیں گزشتہ روز ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کروائیں گے۔
ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، روڈ بلاک کرنا گناہ ہے، مغرب کے بعد سے دھرنے پر سختی کریں گے۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے،کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں دھرنے نہیں ہو رہے ہیں۔
ادھر مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ سندھ پولیس نے پرامن مظاہرین پر دھاوا بول کر بچوں و بزرگوں کو نشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
کراچی کے علاقے نمائش کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہمارا میڈیا ٹرائل شروع کیا گیا تو اندازہ تھا کہ مظاہرین کے خلاف ایکشن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے نمائندوں نے کل ہمدردی کا اظہار کیا لیکن ہمیں اندازہ نہ ہوسکا کہ ان کے ذہن میں کیا چل رہا ہے، ہم نے دھرنوں کے دوران ٹریفک کے لئے راستہ کھلا چھوڑا تھا اس کے باوجود پولیس نے پر امن مظاہرین پر دھاوا بول دیا۔