ہم پاکستان کی بہتری کیلئے سوچ رہے ہیں،23مارچ کو ایک بڑا اعلان کریں گے: رضا ہارون
کراچی : مصطفیٰ کمال کی حمایت کا اعلان کرنے والے ایم کیو ایم کے سابق رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ 23مارچ کوپارٹی کے نام اور منشور کے علاوہ ایک بڑا اعلان بھی کریں گے۔پاکستان میں رہنے والے 99 فیصد مظلوموں کا دن 23 مارچ ہو گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ 23مارچ کو پاکستان کی ترقی اور تعمیر کی پہلی اینٹ رکھی جائے گی اور ا س دن پاکستان کی سیاست میں نئے سسٹم اور سوچ کا اضافہ ہو گا۔ رضا ہارون نے کہا کہ ہم پاکستان کی بہتری کیلئے سوچ رہے ہیں اور اسی وجہ سے عوام کی جانب سے غیرمتوقع رسپانس مل رہا ہے تاہم وہ سب کو جواب نہیں دے پا رہے۔ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے پاس جتنا بڑا مینڈیٹ ہے انہیں روز بڑی خبر دینی چاہئے ،بیس کروڑ عوام میں چندلاکھ ایسے ہیں جو کسی سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں۔ فاروق ستار پیارے اور معصوم آدمی ہیں تاہم بولنے سے پہلے زرا سوچ لیا کریں کہ کہہ کیا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر رابطہ کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹورنامیٹ جیت کر آئے تو انہیں خوشی ہو گی۔