مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کو بیرون ملک بھجوا کر احسان اتارا ہے، مولا بخش چانڈیو
حیدرآباد: مشیر اطلاعات سندھ مالا بخش چانڈیو کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کو بیرون ملک بھجوا کر احسان اتارا ہے اور اس طرح دونوں نے ایک دوسرے کی جان بخش دی۔
حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کے دوران مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جمہوریت اگر تسلسل سے چلے تو کلچر بن جاتا ہے، جمہوری کلچر میں ایک دوسرے کی بات کو برداشت کیا جاتا ہے، سندھ کا جمہوری مزاج پنجاب سے بہتر ہے، پاکستان میں جب بھی جمہوریت آئی وہ کانپتی اور ڈرتی ہوئی آئی ہے، ملک میں جب بھی جمہوریت کی طاقت اور چہرہ دکھانے کی کوشش ہوتی ہے تو اس کا گلا دبا کر چہرہ نوچ لیا جاتا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں پرویز مشرف کو پروٹوکول سابق آرمی چیف اور صدر کی حیثیت سے دیا تھا، پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے دینا پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی تھی۔
مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ آئین توڑنے اور ملک کو نقصان پہنچانے والے کو چھوڑ کر جمہوریت کے لیے خطرہ پیدا کردیا گیا ہے، ہمارا احتجاج پرویز مشرف کے جانے پر نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی منافقت پر ہے، مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کو بیرون ملک بھجوا کر احسان اتارا ہے، انہوں نےآپ کی اور آپ نےان کی جان بخشی، وہ یہ تو نہیں کہتے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزیر جھوٹے ہیں لیکن ان کے بیانات جھوٹے اور منافقت سے بھرے ہوئے ہیں، ایک وزیر نے جھوٹا بیان دیا ہے کہ پرویز مشرف کو عدالت کے حکم پر جانے دیا گیا جب کہ احمد رضا قصوری نے بیان دیا ہے کہ پرویز مشرف حکومت کے ساتھ ڈیل کرکے گئے ہیں اور وہ سچ بول رہے ہیں۔ انہیں پرویز مشرف کی واپسی کا کوئی بھروسہ نہیں کیونکہ ان کے ترجمان ڈاکٹر امجد نے بھی یہ دعویٰ نہیں کیا اور وفاقی وزیر داخلہ دعویٰ کررہے ہیں کہ پرویز مشرف واپس آئیں گے۔ انہیں حیرت ہے کہ چوہدری نثار پرویز مشرف کے ترجمان بن کر تصدیق کررہے تھے کہ وہ واپس آئیں گے۔
مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ کرپشن ملک بھر میں ہورہی ہے لیکن سندھ میں ہی نظر آرہی ہے، اگر ہر وقت سندھ کے گلے پر ہی کرپشن کی تلوار لٹکائی جاتی رہی تو اس کا خراب نتیجہ نکلے گا۔