متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا گرفتار
کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو گرفتار کرلیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا کو حراست میں لے لیا جب کہ ایم کیو ایم ترجمان واسع جلیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں شاہد پاشا کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں رینجرز اہلکاروں نے گلستان جوہر میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے شاہد پاشا کی گرفتاری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا اور درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 مارچ کی صبح قانون نافذ کرنے والے ادارے شاہد پاشا کو گھر سے گرفتار کرکے لے گئے اور سیکیورٹی اداروں نے نہ گرفتاری ظاہرکی اور نہ ہی ان سے ملنے دیا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ میں متحدہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے بغیر وارنٹ کے شاہد پاشا کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ندیم نصرت نے شاہد پاشا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شاہد پاشا کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم کے خلاف ہے۔