فاروق ستار انتہائی مظلوم، انہیں سات خون معاف ہیں:مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ فاروق ستار ہمارے بھائی ہیں اور ان کیخلاف بات کرنا ان کے اوپر مزید ظلم کرنے کے مترادف ہوگا ، جتنا ظلم الطاف حسین ان پر کررہے ہیں اس کے بعد تو ان پر سات خون معاف ہیں۔
میرپور خاص میں پارٹی آفس کا افتتاح کرنے کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگ بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت کیلئے آرہے ہیں اسی وجہ سے آج میر پور خاص میں پارٹی آفس کا باقاعدہ دفتر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں اور بہت جلد پاکستان کے ہر گلی کوچے میں پارٹی کا دفتر ہوگا۔ ہم کسی کی مخالفت کرنے نہیں آئے اور جو لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں انہیں سیاسی مخالفین سے دوستی کرنی پڑے گی۔
فاروق ستار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ہمارے بھائی ہیں اور وہ جو بھی کہہ لیں ہمیں برا نہیں لگتا ۔ ہم اگر کوئی بات کریں گے تو اس مظلوم پر مزید ظلم کرنے کے مترادف ہوگا،جتنا ظلم الطاف حسین ان پر کررہے ہیں اس کے بعد تو ان پر سات خون بھی معاف ہیں۔