وزیراعظم پاناما کے معاملے پرمخلص ہیں تو چیف جسٹس کی نگرانی میں تحقیقات کرائیں، وزیراعلیٰ سندھ
میرپورساکرو: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کی نامزد کردہ انکوائری کمیٹی سے انصاف کی توقع نہیں لہٰذا وزیراعظم اس معاملے میں واقعی پرخلوص ہیں تو چیف جسٹس پاکستان کی نگرانی میں تحقیقات کرائیں۔
میرپور ساکرو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کے معاملے پر اپنی پسند کی انکوائری کمیٹی بنائی ہے لیکن ہم ان کے نامزد کردہ ریٹائرڈ جسٹس سے انکوائری ہرگز قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی اس کمیٹی سے انصاف کی توقع کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم اس معاملے میں واقعی غیر جانبدار اور پرخلوص ہیں تو چیف جسٹس آف پاکستان کی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائیں کیونکہ اس کے بغیر تحقیقات کا آزادانہ اور منصفانہ ہونا ممکن نہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے 4 اپریل کو ذوالفقار بھٹو کی برسی میں جاتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کے ورثا کو 2،2 لاکھ کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان اور قیادت نے جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جو جاری رہیں گی اور ہماری جماعت اپنے کارکنان کو کبھی نہیں بھولتی۔