راحیل شریف کی کور ہیڈکوارٹرز میں سکیورٹی اجلاس کی صدارت ، کراچی کو پرامن بنائیں گے : آرمی چیف
کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےکہاہے کہ اقتصادی و معاشی سرگرمیاں کراچی کے امن سے براہ راست وابستہ ہیں،جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کے ذریعے کراچی کو پرامن بنادیا جائے گا جس سے شہری بلا خوف وخطر اپنا کاروبار زندگی چلاسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کا حتمی مقصد شہر میں امن وامان کا مکمل قیام ہے، شہر میں قیام امن کے حصول کےلئے بھرپور توجہ سے کوششیں کرنی ہوں گی۔ بری اور فضائی فوج کے درمیان ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز کیلئے غیرمتزلزل حمایت پر کراچی کے عوام کی بھی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ کے دوران کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں سکیورٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور ڈی جی رینجرز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی میں جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن کی کامیابی اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کی کامیابی کو سراہا اور عالمی معاملات، علاقائی سلامتی کے اموراور دہشتگردی کیخلاف جنگ پرشرکا کوآگاہ کیا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایئروار کالج میں افسروں اور جوانوں سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہارکیا۔