پیپلز پارٹی کے ایم پی اے مقیم کھوسو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
کراچی: پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار محمدمقیم خان کھوسو طویل علالت کے بعد 66سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، وہ جیکب آباد سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 14 رکن منتخب ہوئے تھے۔
سردارمحمد مقیم خان کھوسو11آکتوبر1949 کوقصبہ دنگ تحصیل شہدادکوٹ میں پیدا ہوئے ان کا آبائی گائوں قصبہ قادر پورتعلقہ جیکب آباد ہے، وہ زمیندار سردار اور سیاسی رہنماتھے، 1983 میں بی اے کی ڈگری حاصل کی اور 1985میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے پہلی بار ایم پی اے منتخب ہوئے، 1988 میں انھوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکی اور1988میں ہی پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پرایم این اے منتخب ہوئے، 1995 میں وہ پیپلز پارٹی ضلع جیکب آباد کے صدر منتخب ہوئے، 3 جولائی 2002 میں وہ نگراں حکومت میں وزیر زارعت مقرر ہوئے، 2013 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے ایم پی اے سردارمقیم کھوسوکی وفات پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیااورمرحوم کے لواحقین سے تعزیت کااظہاربھی کیااورکہاکہ سردار مقیم کھوسو پیپلز پارٹی کے ایک سچے ، مخلص اور محنتی کارکن تھے،ایسے کارکن پارٹی کی ترقی اوروقار کیلیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔سندھ اسمبلی کے اسپیکرآغا سرا ج درا نی نے بھی مقیم خان کھوسوکے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا۔