سندھ
کراچی ۔ڈاکٹر عاصم حسین کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ کیلئے نیب کے حوالے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں ان سے سٹاک ایکسچینج میں خورد برد کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت میں سٹاک مارکیٹ میں خورد برد کیس کی سماعت ہوئی جس میں ڈاکٹر عاصم حسین کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کے اہل خانہ بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت کے روبرو ڈاکٹر عاصم کی ایم آرآئی رپورٹ پیش کی گئی جس میں ان کی صحت کے حوالے سے کسی خاص خطرے کا اظہار نہیں کیا گیا۔
احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور اپنے حکم میں کہا ہے کہ اگر ڈاکٹر تجویز کریں تو انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عاصم کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے اور انہیں جناح ہسپتال کے ڈائریکٹر کو دکھایا جائے۔