خوابوں والی سرکار نے آئندہ 10 روز ملکی سیاست کیلیے انتہائی اہم قرار دیدیئے
کراچی: اپنے خوابوں کے ذریعے سیاسی پیش گوئیاں کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے اس بار خواب دیکھ کر ایک بڑی پیش گوئی کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ملکی سیاست میں آنے والے 10 دن انتہائی اہم ہیں جب کہ بڑے بڑے لوگ جیل بھی جاسکتے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں آئندہ 10 دن انتہائی اہم ہیں کیوں کہ بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس کے باعث کچھ لوگ جیل جائیں گے،کچھ باہرجائیں گے اور کچھ کو باہر سے لایا جائے گا۔ منظور وسان نے اگلے 10 دنوں کے ساتھ ساتھ مئی کے مہینے کو بھی بڑا اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ احتسابی عمل سے پیپلز پارٹی بھی نہیں بچے گی مگر پیپلزپارٹی احتساب کے لیے تیار ہے۔
منظوروسان کی طرح متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن بھی ان کے رنگ میں رنگے نظرآئے جن کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل میں کہیں اچھل اچھل کرباتیں کرنے والوں کا بھی نمبرنہ آیا ہوا ہو۔