سندھ

وفاق نے کراچی آپریشن کا آخری مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا

کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن کاآخری مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس مرحلے کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہوگا اورآپریشن مکمل اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔

اس مرحلے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی جارہی ہے جس کے تحت گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر نے والی اہم شخصیات کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا،اس مرحلے کے دوران شہر میں دہشت گردوں کے مالی ذرائع کے نیٹ ورک کو توڑنے، قبصہ مافیا، اسمگلنگ کی روک تھام ،جبری بھتہ وصولی کے خاتمے ،سیاسی ومذہبی وکالعدم جماعتوں کے عسکری ونگز کے خاتمے سمیت بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور بیرونی ایجنڈے کیلیے کام کرنے والے عناصر کاقلع قمع کرنے کیلیے مربوط اقدامات وکریک ڈاؤن کیاجائے گا۔

اس آپریشنل مرحلے کا ہدف کراچی سے جرائم کا مکمل خاتمہ کرکے اس کو دنیا کا پرامن اور تجارتی شہر بناناہے۔کراچی آپریشن کے آخری مرحلے کیلیے ایسی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے جس کے تحت کراچی آپریشن کے تمام اہداف 100فیصد طور پرمکمل کیے جائیں گے اور ایسی پالیسی بنائی جائے گی کہ کراچی میں دوبارہ سے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک قائم نہ ہوسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اس بات پر بھی غور کررہی ہے کہ کراچی کومکمل پر امن شہر بنانے کیلیے اس کے مسائل کے حل اور بے روزگاری کے خاتمے کیلیے صوبائی حکومت کی مشاورت سے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔اس آپریشنل پالیسی کی منظوری وزیراعظم جلدصوبائی حکومت ،وزارت داخلہ اورسیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد دیںگے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close