فاروق ستارکےکوآرڈینیٹراورڈائریکٹرفشرمین کوآپریٹوسوسائٹی 90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے
کراچی: عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد اور فشر مین کو آپریٹیو سوسائٹی کے ڈائریکٹر جاوید یونس سمیت 7 ملزمان کو 90 روز کےلئے رینجرز کے حوالے کردیا ہے ۔
رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کے کو آرڈی نیٹر آفتاب احمد اور فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی کے ڈائریکٹر جاوید یونس سمیت 7 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا،عدالت کے سامنے پیش کئے جانے والے دیگر ملزمان میں سعیداحمد ، افضل ، عدنان ، کاشف صدیقی، سرور اوراکبر شامل تھے۔
رینجرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جاوید یونس پر ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دیگر متعدد الزامات ہیں جب کہ دیگر ملزمان بھی 40 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں اس لئے ملزمان سے مزید تحقیقات کرنی ہے جس کے لئے انہیں 90 روزہ ریمانڈ پر تحویل میں دیا جائے۔ عدالت نے رینجرز کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ساتوں ملزمان کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے رینجرز کی تحویل میں دیئے جانے والے ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔