کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فرنیچرمارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی
کراچی: اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بھاری مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 5 کی ٹمبر مارکیٹ میں رات ساڑھے تین بجے آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہوگئیں، پانی ختم ہونے پر مزید گاڑیوں کو طلب کیا گیا جو بنارس میں جاری ترقیاتی کام کے سلسلے میں کھودے گئے گڑھے میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق مارکیٹ میں موجود بجلی کے کھمبے کے ساتھ لگے تارسے اچانک چنگاری نکلی اور فرنیچر کی دکان میں گرگئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچنے کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔
فائر ٹینڈر آفیسر کے مطابق آگ مارکیٹ کی 8 دکانوں میں لگی اور ساڑھے 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، اب کولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ واقعہ میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے یا جلنے کی اطلاع نہیں ملی، آگ کے باعث بھاری مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی جس کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔