کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پر دھرنا، ملک بھر میں تیل سپلائی معطل
کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ پر تحریک لبیک کے کارکنان کے احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی معطل ہو گئی ہے، جس کے باعث شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری تحریک لبیک کے دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں، مظاہرین نے کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں جگہ جگہ پر دھرنے دیئے ہوئے ہیں، ان دھرنوں کے باعث جہاں ملک بھر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہیں کراچی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر دھرنے کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان ہے۔ دھرنے کی وجہ سے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی، جبکہ اندرون ملک جانے والے آئل ٹینکرز میں لاکھوں لیٹر پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں، اگر یہ آئل ٹینکرز بروقت روانہ نہ ہو سکے، تو ملک بھر میں تیل کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔