کراچی :سپریم کورٹ کا عوامی مقامات سے تمام بل بورڈز 15 روز میں ہٹانے کا حکم
افسوس ہوا کہ بل بورڈ کیلئے شہر سے درخت کاٹے جا رہے ہیں ، بل بورڈز اور سائن بورڈ لگانے کا نہ تو نیا معاہدہ ہوگا نہ ہی پرانے کی تجدید ہوگی:جسٹس میاں ثاقب نثار
کراچی : سپریم کورٹ نے کراچی کے پبلک مقامات ، فلائی اوورز ، گلیوں ، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں سے تمام بل بورڈ 15 دن میں ہٹانے کا حکم دے دیا ۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بل بورڈز اور سائن بورڈز کے معاملے کی سماعت کی ۔
سماعت کے دوران جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ بل بورڈز کے لئے درخت کاٹے جا رہے ہیں ، شہر میں رات سینکڑوں درخت کاٹ دئیے گئے ۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی سے زیادہ کسی بات کی اہمیت نہیں ،
دوران سماعت ایڈووکیٹ جاوید میر نے عدالت کو بتایا کہ کلفٹن میں ایک وزیر کے فون پر غیر قانونی بل بورڈ اور سائن بورڈ لگائے جا رہے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ 15 روز میں پبلک مقامات ، فلائی اوورز ، گلیوں ، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں سے تمام بل بورڈ ہٹا دئیے جائیں ، بل بورڈ اور سائن بورڈز لگانے کا نہ تو نیا معاہدہ ہوگا اور نہ پرانے کی تجدید ہوگی ۔
جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے بل بورڈ اور سائن بورڈز کے متعلق ضابطہ اخلاق تحریری طور پر بتائیں ، ہمیں بتایا جائے کہ بل بورڈ نہ ہٹانے پر ہم کس سے پوچھیں ، جب ہم فیصلہ کریں گے اور اس پر عمل ہوگا تو پھر کراچی میں گھومنے کا مزا بھی آئے گا ۔