سندھ

سندھ کی سیاست میں بہت جلد تبدیلی آئے گی، ذوالفقار مرزا

کراچی: سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ سندھ کی سیاست میں بہت جلد تبدیلی آنیوالی ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں عوام کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، نثار کھوڑو کی یادداشت اقتدار کے نشے میں کمزور ہوچکی ہے۔ وہ حیدرآباد میں سابق یوسی ناظم محبوب ابڑو کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ہم نثار کھوڑو کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنے لائحہ عمل پر چلیں گے، عمرکوٹ اور سکھر میں ہمارے جلسے کامیاب ہوئے ہیں، نثار کھوڑو اپنے مشورے اپنی پارٹی کو دیں، لگتا ہے کہ اقتدار کے نشے میں نثار کھوڑو کی یادداشت کمزور ہوچکی ہے، وہ ہم پر اسٹیبلشمنٹ سے تعلق کا الزام لگاتے ہیں تو آصف زرداری نے بھی اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کی تھی پھر وہ ملک سے باہر چلے گئے اور دوبارہ کیسے آئے؟ میں بھی کہہ سکتا ہوں کہ کیا آصف زرداری اسٹیبلشمنٹ سے معافی مانگ کر آئے تھے؟۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں عوام کو کچھ نہیں دیا، اب سندھ کی سیاست میں تبدیلی آئیگی اور بہت جلد آئیگی اب سندھ میں وزیراعلیٰ بھی عوام کا آئیگا جو کام کریگا۔ انہوں نے کہا کہ میں مولا بخش چانڈیو کے کسی الزام کا کوئی جواب نہیں دونگا کیونکہ پورا شہر واقف ہے کہ مولا بخش چانڈیو کی کیا حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے کیونکہ اس نے اردو بولنے والوں کو بدنام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی سندھ دھرتی کا سودا کرے گا وہ جیل جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close