ڈاکٹر عاصم کی سبکدوشی کے بعد سعید غنی پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر منتخب
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق سینیٹر سعید غنی کو کراچی ڈویژن کا صدر منتخب کردیا۔ پی پی پی کراچی ڈویژن کا صدر منتخب ہونے کے بعد سابق سینیٹر نے کہا کہ وہ کراچی کی خدمت کے لئے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی رہنما نثار کھوڑو اور فریال تالپور کا شکریہ ادا کیا۔ خیال رہے کہ پی پی پی نے جاوید ناگوری کو کراچی ڈویژن کا جنرل سیکریٹری منتخب کردیا ہے۔ 20 جولائی 2017ء کو سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سعید غنی نے اپنی سینیٹ کی رکنیت چھوڑ دی تھی۔ یاد رہے کہ 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر میدان مار لیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تیسرے نمبر پر رہی تھی۔
بعدازاں کامران ٹیسوری نے الیکشن کمیشن میں انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کامران ٹیسوری کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن ٹریبیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سعید غنی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے لئے جاری حکم امتناع بھی ختم ہوگیا، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کی نشست پر کامیاب ہونے والے پی پی پی کے امیدوار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔