سندھ

بحرہند میں طوفان اوکھی سے سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحرہند میں اٹھنے والے اوکھی طوفان سے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں تاہم طوفان کے باعث سندھ میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پاکستان ویوز کے مطابق بحرہند میں بننے والے طوفان اوکھی نے بھارت میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، طوفان سے سب زیادہ تامل ناڈو اور کیرالہ متاثر ہوئے ہیں اور اب تک شدید بارشوں اور طوفان کے باعث 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اوکھی طوفان اس وقت کراچی کے جنوب مشرق میں 14 سو 42 کلومیٹر دوری پر بھارتی شہر ممبی کے قریب موجود ہے جو کسی بھی وقت ممبئی کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے جب کہ بھارتی گجرات بھی طوفان کے خطرے سے دوچار ہے تاہم پاکستان کے بھارت سے ملحقہ علاقوں کو اوکھی طوفان سے کوئی خطرہ نہیں لیکن طوفان کے باعث بدین، تھرپارکر اور مٹھی میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بحرہند میں بننے والا طوفان بحیرہ عرب میں جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات ٹھٹھہ اور بدین میں بادلوں کی صورت 3 اور 4 دسمبر کو نظر آئیں گے اور 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے باعث سمندر میں بھنور پیدا ہوسکتا ہے تاہم 4 دسمبرکے بعد طوفان کی شدت کم ہونا شروع ہوجائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت سے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ طور پر ماہی گیر پریشانی میں پھنس سکتے ہیں اس لئے کسی بھی ناخوشگوار سانحے کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے 5 دسمبر کی رات تک چند علاقوں، کراچی، بوج، کیٹی بندر اور گھوڑہ باری میں ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close