اداروں میں محاذ آرائی کا طرز عمل نہ اپنایا جائے، ٹکراؤ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، شاہی سید
کراچی: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ اداروں کے مابین محاذ آرائی انتہائی افسوس ناک ہے، ٹکراؤ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اس قسم کے طر زعمل سے اجتناب کیا جائے، آئین میں تمام اداروں کی حدود متعین ہے ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کردار ادا کرے، ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی کو فی الفور ترک کیا جائے، پشاور ایگری کلچر ڈائریکٹوریٹ اینڈ انسٹی ٹیوٹ پر حملہ پوری ریاست کے لئے لمحہ فکریہ ہے، ہمارے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا ایک منظم ایجنڈا ہے، طلباء پہلے سے بڑھ کر عزم کے ذریعے دہشت گردوں کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے، ابھی تک بحیثیت ریاست ہم نے دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے ہیں، کب تک پختون دھرتی خون میں نہلائی جاتی رہے گی اور ریاست تماشہ دیکھتی رہے گی، قومی ایکشن پلان پر عمل در آمد میں تاخیر انتہائی افسوس ناک ہے، قومی ایکشن پلان پر عمل در آمد میں تاخیر اے پی ایس طلباء کے خون سے غداری ہے، تمام مذہبی، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیچ پر آکر دہشت گردی کے خاتمے کا لائحہ عمل طے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد لانڈھی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علاقے کی سرکردہ سیاسی و سماجی شخصیات، سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے اپنی برادری و خاندان کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں روزی خان، اکرام خان، ارشد خان، حکم خان، افتخار حسین، عبدالرحمن خان، رحمت شیر شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شہر مسائل کا شکار ہے جبکہ حکومتوں میں بیٹھے ہوئے لوگ پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں، تین دہائیوں سے مینڈیٹ لینے والے اور حکومتیں کرنے والے آج شہر کی بدترین صورت حال کے ذمہ دار ہیں۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری، ضلعی صدر سعید افغان، جنرل سیکریٹری احسان اللہ خان، صوبائی سالار کچکول خان اور سیکریٹری اطلاعات حمید اللہ خٹک نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل سینیٹر شاہی سید نے کورنگی چمڑا چورنگی، لانڈھی فیچر کالونی اور مظفر آباد کے مختلف علاقوں میں پارٹی پرچم کشائی بھی کی۔