بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے ڈونلڈ ٹرمپ نے عالم اسلام کے خلاف سازش کی، فاروق ستار
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے ڈونلڈ ٹرمپ نے عالم اسلام کے خلاف سازش کی۔ حیدرآباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کیخلاف اپنی پالیسی واپس نہ لی تو امریکا میں بھی احتجاج ہوگا، وفاقی حکومت اس مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں وزیراعلیٰ سندھ ہماری جماعت کا ہوگا جبکہ 2023ء میں ہماری پارٹی کا وزیراعظم ہوگا، ٹیکسوں کا نظام منصفانہ ہونا چاہیئے، وڈیروں کی کروڑوں کی پراپرٹی پر ٹیکس ہونا چاہیئے، یہاں صرف بڑے شہروں سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ فاروق ستار کہتے ہیں کہ ہم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے صوبے کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ بنائیں گے۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام جلد ہوگا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی رواں ماہ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔