پی ایس پی سے رابطہ تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی میں شامل ہے، سینئر صحافی مظہر عباس
کراچی: سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پی ایس پی سے رابطہ تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی میں شامل ہے، گزشتہ کئی عرصے سے پارٹی میں اس پر بات چیت جاری تھی کہ الیکشن کے لئے کس کے ساتھ بہتر انداز میں چلا جاسکتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان اور مصطفیٰ کمال کے رابطوں سے متعلق گفتگو میں سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ تحریک انصاف نے ابھی کسی سے اتحاد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، البتہ پی ایس پی اور پی ٹی آئی کو بہت سی چیزیں قریب لاسکتی ہیں اور اس بڑی تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ بھی ہے کہ پی ایس پی کے اندر اس حوالے سے کیا رائے پائی جاتی ہے، کراچی کی پی ٹی آئی جس میں علی زیدی اور فیصل واوڈا سرگرم ہیں، وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کا گٹھ جوڑ ہے، اس لئے اب نظر آرہا ہے کہ عمران خان ذہن بنا چکے ہیں کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ زیادہ مطمئن ہیں۔