سندھ

نیب نے ملک کو تباہ اور جڑوں کھایا ہے، سپریم کورٹ

کراچی: سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے کرپشن کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور ہماری جڑیں کھا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جیٹ فیول فروخت میں کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے نیب کے تاخیری حربے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریفرنس فائل نہ کرنے پر نیب افسران کی سرزنش کی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور ہماری جڑیں کھا گیا ہے، نیب نے ملک کو تماشا بنا کر رکھ دیا ہے اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا، ادارے نے اپنا تماشا تو بنایا ساتھ ہی پاکستان کو بھی رسوا کیا ہے۔ نیب افسران سے مکالمے میں ججز نے ریمارکس دیے کہ جس پر ہاتھ ڈالنا ہے ڈالو، طاقتور سے ڈرتے کیوں ہو۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی کھنچائی کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال ہو گیا لیکن ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، 14 دن میں ریفرنس دائر کیا جائے، جس پر تفتیشی افسر نیب نے کہا کہ جلد ریفرنس دائر ہو جائے گا اور تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ایک سال سے کیا کر رہے ہیں، پیسے کھا رہے ہیں تاہم اب کوئی کوتاہی برداشت نہیں، پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے شیل کمپنی سے 13 لاکھ لیٹر جیٹ فیول خریدا، ملزم نے فیول سرکاری اداروں کے بجائے اوپن مارکیٹ میں فروخت کردیا، ملزم نے 2 ارب 37 کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔ عدالت نے نیب کو ریفرنس سے متعلق رپورٹ کے لیے ایک دن کی مہلت دے دی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close