سانحہ 12 مئی کو 9سال مکمل، 50 شہدا اور متعدد زخمیوں کو انصاف نہ مل سکا
کراچی : سانحہ بارہ مئی کے نو سال مکمل ہونے پر وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائيوں کا بائيکاٹ کيا جا رہا ہے اور وکلا يوم سياہ منا رہے ہيں۔
سانحہ بارہ مئی کو نو سال مکمل ہونے پر سندھ بار کونسل کی جانب سے يوم سياہ کا اعلان کيا گيا تھا جس کے بعد وکلاء آج يوم سياہ منا رہے ہیں۔ کراچی بار، مليربار اور سندھ ہائیکورٹ بار نے سياہ پرچم لہرائےاور بازوؤں پر سياہ پٹياں باندھيں۔ ہائیکورٹ ميں بھی چيف جسٹس سندھ ہائيکورٹ نے تمام بورڈز ڈسچارج کر ديئے۔ ملير اور سٹی کورٹ ميں جيل سے قيديوں کو نہيں لايا گيا جبکہ ملير، کراچی بار اور ہائیکورٹ بار کی جانب جنرل باڈی اجلاس منعقد کيے گئے۔
اس موقع پر وکلا کا کہنا ہے کہ سانحہ بارہ مئی ميں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے ميں لايا جائے اور ان کو سزا دی جائے جبکہ عوام کے خون کو سڑکوں پر بہانے والے حکمران کا بھی احتساب ہونا چاہيے۔