سندھ

شاہ زیب قتل کیس؛ سول سوسائٹی نے سپریم کورٹ میں اپیل کردی

کراچی: سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان کی ضمانت پر رہائی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ایکسپریس نیو زکے مطابق کراچی کے ہائی پروفائل کیس نے ایک بار پھر سر اٹھالیا ہے اور حال میں شاہ زیب قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے رہا ہونے کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اب سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس کو آگے لے کر چلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سول سوسائٹی کی جانب سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شاہ زیب کے قتل میں رہا ہونے والے ملزمان کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست معروف سماجی کارکن جبران ناصر سمیت 10 شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔کراچی رجسٹری میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شاہ زیب کا قتل ذاتی نوعیت کا نہیں تھا اس قتل سے معاشرے پر سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں، اہل خانہ نے دباؤ میں آکر قاتلوں سے صلح کی کیوں کہ قاتل بااثر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت بھی ملزمان کی حمایت کررہی ہے۔واضح رہے کہ 3 روز قبل 23 دسمبر کو ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی امداد حسین کھوسو نے شاہ زیب قتل کیس میں فریقین کا موقف سننے کے بعد ملزمان شاہ رخ جتوئی، سجاد تالپور، غلام مرتضی سمیت تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close