شہید بی بی کی برسی، جیالوں کے قافلے گڑی خدابخش رواں دواں
سابق وزیر اعظم اورپاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بےنظیر بھٹوشہید کی 10ویں برسی کے سلسلہ میں عمر کوٹ سے درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ گڑھی خدا بخش کے لئے روانہ ہو گیا، خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی دسویں برسی گڑھی خدا بخش میں منائی جائے گی جس میں شامل ہونے کے لئے ملک بھر سے قافلے پہنچیں گے ،عمرکوٹ سٹی سے بھی پچاس بسوں اور تیس کاروں کا قافلہ گڑھی خدا بخش روانہ ہو گیا ہے جبکہ گاڑیوں کی کمی کے باعث کئی کارکن اب بھی عمر کوٹ میں موجود ہیں جس پر مقامی قیادت نے روانہ ہونے والی کئی گاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کارکنوں کو گڑھی خدا بخش اتار کر پیچھے رہ جانے والے کارکنوں کو بھی برسی میں شامل ہونے کے لئے تقریب میں پہنچائیں،عمر کوٹ سے روانہ ہونے والے قافلے میں خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔پیپلزپارٹی ضلع عمرکوٹ کے صدر و رکن سندھ اسمبلی سید علی مردان شاہ ، قاسم سراج سومرو ، خالدسراج سومرو ، صوفی نواز، برھان دین کنبھر ودیگر کی قیادت میں گڑھی خدا بخش روانگی کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما خالد سراج نے کہا کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو کے حکم پر بڑا قافلہ روانہ ہو چکا ہے جبکہ گاڑیو ں کی قلت کے باعث جیالوں کی بڑی تعداد اب بھی عمر کوٹ میں موجود ہے ہےجو شہید بی بی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گڑھی خدا بخش جانا چاہتی ہے ،ہم ان جیالوں کے لئے بھی انتظامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو تاریخ کا حصہ ہیں انکو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ، ہم جیسے نچلی سطح پر کام کرنے والے ورکر شہیدِ رانی کی بدولت ہی اقتدار میں آئے ، انشاءاللہ ہم کوشش کریں گے کہ عوامی خدمت کرکے انکی روح کو خوش کر سکیں ،ہم بےنظیر بھٹو کے نظریات وافکار پر عمل پیرا ہیں ۔