لندن آفس کھلتے ہی سب سے پہلا کام ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، رہنما پاک سرزمین پارٹی
حیدرآباد: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہےکہ ایم کیوایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں ان کی حفاظت کی جائے۔
حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ رواں ماہ لندن میں اپنی تنظیم کا دفتر کھولنے کے لیے ٹیم روانہ کردیں گے اور لندن آفس کھلتے ہی سب سے پہلا کام ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، اور اب ہر شرارت کا جواب متحدہ قائد کے گھر کے باہر احتجاج کرکے ہی دیا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ قائد نے کبھی بھی تعلیم پر توجہ نہیں دی اور خود کو مہاجر قوم کا باپ ہونے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں یہ کیسا باپ ہے کہ بچے دشمن کے نرغے میں ہیں اور باپ خود باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیوایم کے لہجے سے ثابت ہورہا ہے کہ ہم جو باتیں کررہے ہیں وہ بالکل درست ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا کہ ایم کیوایم کے سینئر رہنما فاروق ستار کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں ان کی حفاظت کی جائے۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر انچارجز سمیت مختلف سیکٹرز کمیٹی کے اراکین نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔