خاتون پرناجائز تعلقات کا الزام لگا کر اس کی بیٹیوں کو ونی کرنے کا حکم جاری کر دیا
صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی کے قریب ایک جرگے نے مبینہ طور پر ایک خاتون پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرکے ان کی بیٹیوں کو ونی کرنے کا حکم جاری کردیا۔ڈھرکی کے قریب ریتی پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک با اثر وڈیرے کی سربراہی میں جرگے کا انعقاد کیا گیا۔جرگے کے دوران ایک شادی شدہ خاتون پر ناجائز تعلقات کا الزام لگایا گیا اور سزا کے طور پر ان کے بھائی پر مبینہ طور پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دو بچوں کو ونی کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔اس سلسلے میں ونی میں دی گئی لڑکیوں کے والد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وڈیرے نے ان کو اپنے پاس بلاکر زبر دستی فیصلہ سنا یا کہ ان کی بہن پر الزام ثابت ہو گیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے صاف انکار کیا تو انھوں نے ہمیں ایک کمرے میں بند کر کے ریتی پولیس کو فون کرکے متاثرہ بچیوں کے دو بھائیوں کو پولیس کے حوالے کروا دیا۔
متاثرہ خاتون کے والد نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کر کے با اثر وڈیرے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایس ایس پی گھوٹکی مسعود احمد بنگش نے کہا ہے کہ انھوں نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ کارروائی 24 گھنٹے کے اندر کی جائے گی جبکہ پولیس متاثرہ خاتون کو تحفظ بھی فراہم کرے گی