سندھ

نواز شریف اپنے وزیراعظم کو کہیں اگر حکومت نہیں چلتی تو استعفیٰ دیں، آصف زرداری

میرپور خاص: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف کا نام لئے بغیر کہا ہےکہ آپ نہ ہمیں ڈرا سکتے ہیں نہ بھگاسکتے ہیں۔ میرپور خاص میں پیپلز پارٹی کےبانی ذوالفقار علی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نےشریف برادران کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ یہ جس مقصد کے لئے لائے گئے وہ پورے کررہے ہیں، سوائے دوستوں کی انڈسٹریاں لگنے کے کوئی کام نہیں ہوا۔ آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو چار سال سے انہیں کہہ رہے ہیں کہ وزیر خارجہ لگاؤ، اب وزیر خارجہ لگایا ہے جو انگریزی پنجابی میں بولتا ہے، یہ آپ کی سوچ لے کر دنیا میں جائے گا، یہ ان کی سیاست، سمجھ اور شعور ہے، اگر وزیر خارجہ لگانا تھا تو کم از کم ایسا لگاتے جو ایسی بولی بولتا وہ سمجھتے تو سہی، ہمیں مشکلوں کا سامنا اس لیے ہے کہ حکمران نااہل ہیں۔

سابق صدر نے میاں نواز شریف کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت آپ کی، مخالف میں بھی آپ ہیں، پردے کے پیچھے کیا چوری ہے، کہتے ہیں پیچھے کے راز بتادوں گا۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیچھے کے راز تو ہمیں بھی پتا ہیں، سب سے بڑا راز تو آپ ہو، جو یونین کونسل کے الیکشن نہیں جیت سکتا اس نے ایک لاکھ بارہ ہزار ووٹ لئے، اب وہ زمانہ نہیں رہا کوئی بات چھپ سکے، کوئی بات کسی کی نہیں چھپتی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ اپنی ہی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنے اور جلوس نکالنے چلے ہو، پروٹوکول بھی اپنی حکومت کا استعمال کررہے ہیں، سب کچھ آپ کا اور ادارے بھی آپ کے ہیں، کس بات کی رازداری ہے۔ پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اپنے وزیراعظم کو کہیں اگر حکومت نہیں چلتی تو استعفیٰ دیں، ان سے کہیں آپ نااہل ہیں، لیکن ہمیں ایسے پیغام نہ بھیجیں جس سے آپ سمجھیں کہ ہم ڈر جائیں گے، نہ آپ ہمیں ڈرا سکتے ہیں نہ بھگا سکتے ہیں، آپ خود ڈر سکتے ہیں لکھ کر دے سکتے ہیں، ہماری پارٹی میں ایسا کوئی کلچر نہیں ہے۔

جلسے سے خطاب میں آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں، ان سے وعدے لے لو۔ سابق صدر نے اعلان کیا کہ آئندہ وزیراعلیٰ بھی مراد علی شاہ ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close