سندھ

حکومت سندھ کا 700 سرکاری اسکولوں میں 21 ہزار ٹیبلٹ فراہم کرنے کا اعلان

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا اینڈرائیڈ بیسڈ ای لرننگ سافٹ ویئر انٹرو ڈیواسنگ اسمارٹ ٹیچنگ اینڈ لرننگ کا آغاز کر دیا، جس کے تحت اسکول کی سطح پر ایس ای ایف کے تعاون سے 700 سرکاری اسکولوں میں 21 ہزار ٹیبلیٹ سافٹ ویئر کے ساتھ فراہم کئے جائیں گے۔ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تقریب کراچی کے تاریخی مہتہ پیلس میں ہوئی جس میں وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر بھی موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا سندھ میں معیاری تعلیم کے حوالے سے اہم اور نمایاں کردار رہا ہے، آنے والے دنوں میں توقع ہے کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، پوسٹ پرائمری ایجوکیشن کی ترقی کے حوالے سے بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ بات قابل غور ہے کہ فاؤنڈیشن کے پاس صوبے بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے کم از کم 1000 پوسٹ پرائمری اسکول ہونگے اور خاص طور پر آئندہ چند سالوں میں صوبے کے پسماندہ علاقوں میں پوسٹ پرائمری اسکول کے ذریعے معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت صوبہ بھر میں تعلیم کی بہتری اور معیاری تعلیم کی فراہمی کی پابند ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا نے دنیا کو بدلنے کے لئے تعلیم کو بہترین ہتھیار قرار دیا تھا اور ہمیں ایجوکیشن میں “ڈو مور” کی ضرورت ہے، دو ماہ بعد نئے تعلیمی منصوبے پر عمل کیا جائے گا۔

موہٹہ پیلس کراچی میں سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر تعلیم کہتے ہیں کہ مزید اساتذہ کی ضرورت نہیں تو میں مزید مستقل کیوں کروں؟ ہم اساتذہ کو پانچ سال کی ٹریننگ دیں گے اور اس تربیت کے بعد اساتذہ کے ٹیسٹ لئے جائیں گے، سندھ حکومت کسی کو فارغ نہیں کریگی لیکن جو ٹیسٹ پاس کریں گے ترقی بھی انہی کی ہوگی، اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کی مدد لی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں وہ نہیں کرسکے جو کرنا چاہتے تھے، ہائر ایجوکیشن میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، میں ہر دن کچھ نہ کچھ سیکھ رہا ہوں، ہم اساتذہ کو جاب سیکیورٹی دیں گے لیکن پھر انہیں ہمارے بچوں کو بہترین تعلیم بھی فراہم کرنا ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے فاؤنڈیشن کو 25 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت ٹھٹہ، بدین، جامشورو، سجاول اور دادو کے بند اسکولوں کو سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو دے رہی ہے تاکہ انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فعال بنایا جاسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close