نواز شریف کی فوج و عدلیہ مخالف تحریک عوام نے یکسر مسترد کر دی، ثروت اعجاز قادری
کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ تقریروں سے نہیں بلکہ آئین کی مکمل حکمرانی سے ہوگا، پارلیمنٹ سے ذاتی مفادات کیلئے سیاستدان و حکمران بل پاس کراتے ہیں، مگر عوام کو ریلیف دینے، ملک لوٹنے والے کرپٹ عناصر کے سخت احتساب اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی بل پیش نہیں کرتا، پارلیمانی جماعتوں کی صفوں میں موجود کرپٹ قوتیں ملک کو غیر مستحکم کر رہی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ فیض آباد، سانحہ قصور کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسمبلیوں میں قرارداد تک نہیں لائی جاتی، سیاسی ہتھکنڈوں سے عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ فیض آباد کے قاتل آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں، حکومت جواب دے کہ قصور کی معصوم زینب کا قاتل کیوں گرفتار نہیں ہو رہا، پنجاب حکومت اور پولیس کب تک یہ کہتے رہینگے کہ ملزم کے قریب پہنچ چکے ہیں، زیادتی کی سزا شریعت میں سنگسار کرنا ہے، حکومت آئین میں زیادتی کی سزا کے تعین کیلئے بل پیش کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر مرکزی رہنماء محمد شاداب رضا نقشبندی، ڈاکٹر حافظ محمد شاہد حسین، پی ایس ٹی خیبر پختونخواہ کے صدر محمد انعام اللہ خان قادری، صوبائی رہنماء پنجاب ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مستقبل کے معماروں کو تحفظ دینے کیلئے لازم ہو چکا ہے کہ بچوں کے اغواء اور زیادتی کی سزا صرف موت ہونا چاہیے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ تمام دینی اور سیاسی جماعتیں اس بات کا درس دے رہی ہیں کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، مگر 14 افراد کو قتل کرنے والے آج بھی پوری آزادی کے ساتھ پاکستان میں ہی موجود ہیں، پنجاب حکومت اپنا دامن بچانے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ فیض آباد، سانحہ قصور کو اب مزید نہیں دبا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قومی سلامتی، انصاف اور جمہوری اداروں پر سیاسی اثرورسوخ ختم نہیں ہوگا، ملک و قوم کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں جمہوری نظام کی زرہ برابر بھی کوئی جھلک ہوتی، تو نواز شریف ایک نااہل وزیراعظم ہونے کے باوجود بھی سٹنگ وزیراعظم کا پروٹوکول انجوائے نہیں کر رہے ہوتے، جو کہ جمہوری اقدار کی توہین ہے، ملک میں جمہوریت کے نعرے، مگر نظام شاہانہ چلایا جا رہا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ نواز شریف کی فوج اور عدلیہ کے خلاف بے بنیاد مخالف اور نفرت انگیز تحریک کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے، نوازشریف نے اپنے سابق دور اقتدار سے کچھ نہیں سیکھا، اپنی نااہلی کا انتقام پاکستان کی سالمیت اور اس کے عوام سے لینا چاہتے ہیں، قوم سے یہ پوچھنے کی بجائے کہ مجھے کیوں نکالا، قوم کو یہ جواب دیں کہ پاکستان کو کیوں لوٹا؟۔