سینٹرل جیل لاڑکانہ میں مجرم کو پھانسی دے دی گئی
سینٹرل جیل لاڑکانہ میں دس افراد کو اغوا کرنے والے مجرم کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا،مجرم وارث میربحرنے 1995 میں پی آئی اے کی ویگن کو 10 افراد سمیت اغوا کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل لاڑکانہ میں قید مجرم وارث میربحر کو بدھ کی صبح تختہ دار پر لٹکا دیا گیا،تھرڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کی زیر نگرانی سانگھر سے خصوصی طور پر آنے والے جلاد نے مجرم وارث میربحر کو تختہ دار پر لٹکایا،جس کے بعد اس کی لاش سینٹرل جیل کے باہر موجود ورثا کے حوالےکی گئی.
وارث میربحر نے 1995 میں باقرانی تھانہ کے حدود میں اپنے ڈاکو ساتھیوں کے ہمراہ پی آئی اے کی ویگن میں سوار ملازمین سمیت 10 افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا.
پولیس نے وارث میر کو 1996 میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد اسے عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی.
مجرم نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں سزائے موت کے خلاف اپیل کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا.
صدر مملکت نے بھی وارث میر بحر کی رحم کی اپیل مسترد کردی تھی، جس کے بعد سیشن جج لاڑکانہ نے مجرم کے بلیک وارنٹ جاری کیے تھے.