آئندہ الیکشن بھی پی پی ہی جیتے گی اور مخالفین کو منہ کی کھانی پڑیگی، جام مدد علی
بیرانی شہر: پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام مدد علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو الفاظ پارلیمنٹ کیلئے استعمال کئے ان لفظوں پر عمران خان کو پارلیمنٹ اور عوام سے معافی مانگنی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرانی شہر میں منور علی راجپوت کی جانب سے دی گئی ٹی پارٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اعلٰی عدلیہ کے بارے میں چوک چوراہوں پر طعنے نہیں کسنے چاہیئیں اور عدالت کا احترام کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر جام مدد علی خان نے ایک بیوہ کو رہائش کیلئے پلاٹ دیا اور کہا کہ پی پی نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، پی پی کے ترقیاتی کام اور سندھ کی ترقی مخالفین کو ایک آنکھ نہیں بھاتی، آئندہ الیکشن بھی پی پی ہی جیتے گی اور مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
جام مدد علی نے کہا کہ پی پی ایک عوامی سمندر ہے اس کے خلاف جو جی ڈی اے بنا ہے وقت آنے پر خود ہی ختم ہوجائے گا، اس سے قبل نہ جانے کتنے اتحاد قائم ہوئے مگر پی پی کی عوامی مقبولیت سے الیکشن میں دفن ہوگئے۔ اس موقع پر جام شبیر علی خان ،علی شاہ، این اے رانا ،کونسلر محمد علی راجپوت کامریڈ گل شیر مری،حاکم مری و دیگر بھی موجود تھے۔