سندھ

نقیب محسود قتل کیس، اگر پولیس مقابلہ جعلی ثابت ہوا تو پولیس افسران کو سزا دیجائے گی، سراج درانی

ٹنڈو محمد خان: سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ کراچی میں نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عمران خان نے اسمبلی پر لعنت دے کر عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا ہے، نواز شریف نے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ دھوکا دیا، آج وہ مدد کی اپیل کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں آل سندھی پٹھان یوتھ کے زیراہتمام ضلعی رہنما رازق خان پٹھان کی جانب سے مقامی ہال میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا سراج درانی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے خلاف نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کے واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے، اگر پولیس مقابلہ جعلی ثابت ہوا تو پولیس افسران کو سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کسی بیگناہ شہری کو جعلی مقابلے میں نہ مارا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیج کر عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا ہے، اگر اسمبلی اتنی ہی خراب ہے تو عمران خان کو فوری طور پر اسمبلی سے استعفٰی دے دینا چاہیئے۔ آغا سرا ج درانی نے کہا کہ عمران خان صرف اور صرف گالیوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، وہ بنی گالہ سے نکل کر جلسہ کرتے ہیں اور اسمبلی اور اداروں کو گالیاں دے کر واپس بنی گالہ چلے جاتے ہیں، عمران خان کو آئندہ انتخابات میں خیبرپختونخوا کے عوام بھی مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ دھوکا دیا، آج وہ مدد کی اپیل کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گذشتہ نو سال میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، جس کے باعث سندھ بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ہم بینظیر بھٹو کے ویژن پر کام کررہے ہیں، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ سمیت پورے ملک سے کامیاب ہوگی اور ملک کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف الائنس بننا کوئی نئی بات نہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے پیپلز پارٹی کے خلاف الائنس بنتے آ رہے ہیں، نئے بننے والے الائنس کا حشر بھی پہلے جیسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، جسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close