کراچی میں فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار جاں بحق
کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب ٹریفک پولیس ڈیوٹی پر مامور تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اکرم اور شکیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے دونوں پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کے سر اور سینے پر فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا تعلق اسی گروہ سے معلوم ہوتا ہے جنھوں نے کچھ عرصہ قبل اورنگی ٹاؤن میں 7 پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا تھا، حملہ آوروں کا گروپ ہر 2 سے 3 ہفتے بعد کارروائی کرنے کے بعد روپوش ہو جاتا ہے لیکن ملک بھر کے حساس ادارے ان کا کھوج لگا رہے ہیں اور جلد ہی انھیں پکڑ لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اورنگی ٹاؤن میں 2 مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں ٹریفک اور سندھ پولیس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔