مہاجروں کو روزگار سے دور رکھنا سندھ حکومت کا من پسند مشغلہ ہے، آفاق احمد
کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں مہاجروں کیلئے روزگار کے دروازے ایک عرصے سے بند ہیں، کوٹہ سسٹم کے دباؤ پر مہاجروں کو روزگار سے دور رکھنا سندھ حکومت کا من پسند مشغلہ ہے، مگر اب انتہا ہوگئی ہے، اسی کوٹہ سسٹم اور صوبائی حکام کے شدید دباؤ کے تحت جامعہ کراچی اور کراچی کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز و دیگر تعلیمی اداروں میں مہاجروں کیلئے دیواریں کھڑی کردی گئی ہیں، انسانیت سے گرے ہوئے افراد انسانیت پر شب خون مار رہے ہیں، اردو کا قومی زبان ہونا الگ بات ہے لیکن جن کی مادری زبان اردو ہے انہیں غلام بنانے کا عمل بہت تیزی سے جاری ہے۔
ایک بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ جامعہ کراچی میں مہاجر بچے، بچیوں کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا سامنا ہے، تعلیمی اداروں سے دور رکھنے کیلئے ہمارے بچوں کو ملک دشمن سرگرمیوں کا حوالہ دے کر خوف زدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختہ عمر کے افراد مہاجر بچوں کو ملک دشمن کہہ کر مخاطب کر رہے ہیں، وہ ہمیں ملک دشمنی پر مجبور نہیں کر سکتے، ہم امن پسند پاکستانی تھے ہیں اور رہیں گے۔ آفاق احمد نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ جامعہ کراچی میں NTS ٹیسٹ سے لیکر اب تک ہونے والی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیں۔