کراچی میں گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور اہلیہ کی لاشیں برآمد
کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔ پاکستان ویوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔ صوبائی وزیر کے پرائیوٹ سیکریٹری اللہ ورایو نے تصدیق کی ہے کہ میر ہزار خان بجارانی مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی وزیر کے بنگلے میں فائرنگ کی آواز سنی جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پڑوسی باہر نکل آئے۔
میر ہزار خان بجارانی کے ملازمین نے ان کے کمرے میں جاکر دیکھا تو اندر صوبائی وزیر اور ان کی اہلیہ کی لاشیں پڑی تھی۔ ملازمین نے فورا ہزار خان بجارانی کے بیٹے کو اطلاع دی جس پر لواحقین موقع پر پہنچے اور لاشوں کو دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔
میر ہزار خان بجارانی کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لئے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزرا بھی میر ہزار خان بجارانی کے گھر پہنچ رہے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی کی اہلیہ فریحہ رزاق 2002 سے 2007 تک خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکی ہیں۔
میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا۔ مرحوم پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ تھے۔ میر ہزار خان بجارانی وزیر تعلیم اور وزیر صنعت و پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔