تین رکنی کمیٹی کو فاروق ستارکے پاس بات چیت کیلیے بھیجا ہے، فیصل سبزواری
کراچی: ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ فاروق ستار سے بات کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنادی ہے اوراس کمیٹی کو فاروق ستار کے پاس بھیجا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عامرخان، کنور نوید جمیل، نسرین جلیل سمیت دیگر رابطہ کمیٹی اراکین کی موجودگی میں اجلاس ہوا جس میں سب نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھا اور کوشش ہے کہ تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، ہم سیاسی انتہا پسندی کے قائل نہیں، ایم کیو ایم سے ہمارا لگاؤ دیگر جماعتوں سے مختلف ہے تاہم ہم کوئی بڑا قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار سے بات کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنادی ہے جس میں رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالرؤف صدیقی، سردار احمد اور مرکزی رہنما جاوید حنیف شامل ہیں، تینوں رہنماؤں کو فاروق ستار کے ساتھ ملاقات کے لیے بھیجا ہے جو رابطہ کمیٹی کا منظور کردہ ایجنڈا فاروق ستار کے سامنے رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نیک نیتی کے ساتھ خواہش ہے کہ فاروق ستار رابطہ کمیٹی کا ایجنڈا سننے کے بعد اس سے اتفاق کریں۔