سندھ

پی ایس ایل فائنل؛ سیکیورٹی جائزے کیلیے ماہرین کی آج کراچی آمد

کراچی: پی ایس ایل تھری فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی ریہرسل اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے غیر ملکی ماہرین ہفتے کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔سیکیورٹی کنسلٹنٹ بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس ہفتے کی علی الصباح دبئی سے کراچی پہنچیں گے،دوسرے غیرملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈکسن کی صبح ساڑھے 10 بجے کراچی آمد طے ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں ماہرین سیکیورٹی اقدامات کی سہ روزہ ریہرسل کے دوسرے دن ہفتے کو ہونے والے اقدامات میں دلچسپی نہیں رکھتے،اس دوران کھلاڑیوں کے روٹ پر ریہرسل ہوگی۔بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس اور رگ ڈکسن اتوار کو تیسرے اور آخری روز فل ڈریس ریہرسل کا بھرپور جائزہ لیں گے، وہ قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی فائیو اسٹارہوٹل، وہاں سے نیشنل اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے دوبارہ ہوٹل تک تمام راستوں پر ہونے والے انتظامات دیکھیں گے جب کہ اس موقع پر ذمہ داران کی جانب سے ان کومکمل بریفننگ بھی دی جائے گی۔خیال رہے کہ دونوں غیرملکی سیکیورٹی ماہرین اپنی آرا کی روشنی میں تجاویز بھی پیش کرسکتے ہیں، وہ اسٹیڈیم کے حالات کا بھی جائزہ لیں گے جہاں اس وقت فائنل کے سلسلے میں مختصر و طویل المدتی تعمیراتی کام جاری ہے۔دوسری جانب سیکیورٹی ریہرسل کے پہلے دن جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پولیس کی طرف سے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے پرعملدرآمد کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ( ایس ایس یو) ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار اسٹیڈیم میں سرگرداں نظر آئے، ہفتے کو مزید اقدامات کیے جائیں گے جبکہ اتوار کو مکمل سیکیورٹی ریہرسل ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close