رابطہ کمیٹی نے برداران یوسف والا کردار ادا کیا، آج ایم کیو ایم حقیقی ٹو کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، فاروق ستار
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پارٹی کی سربراہی سے برطرف کرنے سے ثابت ہوگیا کہ مسئلہ سینیٹ کی نشست کا نہیں بلکہ پارٹی کی سربراہی کا ہے آج میرے خلاف سازش بے نقاب ہوگئی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے بیان پر جوابی پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے ساتھیوں نے آج مجھے پارٹی کی کنوینر شپ سے نکال کر اس بات کا ثبوت دے دیا کہ مسئلہ ایک فرد یا سینیٹ کی نشست کا نہیں بلکہ مسئلہ ایم کیو ایم پاکستان کی سربراہی پر قبضہ کرنے کا ہے یہ سازش آج بے نقاب ہوگئی اور بلی تھیلے سے باہر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی میں فاروق ستار کی رہائش گاہ پر بھی ایک ہنگامی اجلاس فاروق ستار کی سربراہی میں ہوا جس کے بعد فاروق ستار نے جوابی پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں فاروق ستار نے کہا کہ آج صرف انہیں نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے ایک ایک کارکن کو نکالا گیا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ بالآخر میرے نادان ساتھیوں نے ثابت کر دیا کہ مسئلہ ایک فرد کا نہیں، ثابت ہوگیا کہ مسئلہ سینیٹ کی سیٹ کا نہیں، مسئلہ ایم کیو ایم پاکستان کی سربراہی اور ایم کیو ایم پر قبضے کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے برداران یوسف والا کردار ادا کیا، انشاء اللہ وہ مکافات عمل کا شکار ہوں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ سازش بے نقاب ہوگئی، بلی تھیلے سے باہر آگئی، آج ایم کیو ایم حقیقی ٹو کے قیام کی بنیاد رکھی گئی ہے، آج ایم کیو ایم کی سربراہی سے مجھے نہیں جفاکش کارکنوں کو نکالا گیا، مسئلہ ایک فرد کا نہیں، تمام نشستوں پر اپنے من پسند لوگوں کو نامزد کرنے کا تھا۔ فاروق ستار نے ازراہ مذاق کہا کہ پھر بھی میں یہ نہیں کہوں گا کہ مجھے کیوں نکالا؟۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر بعد کے ایم سی گراؤنڈ میں کارکنوں کے اجلاس میں کرارا جواب دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کو تحلیل کرنے پر مشاورت کی گئی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فاروق ستار کے گروپ میں شامل علی رضا عابدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشکل کی گھڑی ہے، مشاورت جاری ہے، فاروق بھائی جلد کچھ فیصلے کرینگے۔